لاہور(احشام الحق )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چٹھے سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان گزشتہ روز کھیلا جانیوالا میچ اب آج کھیلا جائیگا ۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانے والا یہ میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ملتوی کیا گیا ہے ۔ یہ میچ دو مرتبہ ری شیڈول کیا گیا تھا تاہم میچ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو آج کھیلا جائے گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ سیمپل بھی لئے گئے مگرنتائج بروقت نہ ملنے پر میچ ایک روز کے لئے ملتوی کرنا پڑا۔گزشتہ روز کے میچ کے ٹکٹ آج کھیلے جانیوالے میچ کے لیے کارآمد ہوں گے ۔واضح رہے کہ میچ سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی کے رینڈم ٹیسٹ کا نتیجہ آیا جس میں ان کی رپورٹ مثبت آئی۔ کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دیگر کھلاڑیوں کے فوری کورونا وائرس ٹیسٹ کیے گئے ۔ابتدائی طور پر کھلاڑی کا نام سامنے نہیں آیا تھا، تاہم بعد میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ جس کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے وہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے بائولر فواد احمد ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ایک بیان بتایا گیا ہے کہ فواد کا ٹیسٹ دو روز قبل مثبت آیا تھا جس کے بعد انھیں 2 روز کے لیے فوری طور پر آئیسولیشن میں بھی ڈال دیا گیا تھا۔یونائیٹڈ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے دیگر تمام کھلاڑیوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آئے ہیں اور انھیں کھیلنے کے لیے کلیئر قرار دیا گیا ہے ۔پیغام میں فواد احمد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔