لاہور (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ سیزن پانچ کے باقی رہ جانیوالے میچوں کے انعقاد پر جاری بحث کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی بلکہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی جانب سے اعتراضات نے معاملات کو الجھا دیا ہے اور چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کی جانب سے ممکنہ تین آپشنز پر تمام فرنچائز متفق نہیں ہیں۔واضح رہے کہ وسیم خان نے پی ایس ایل کے باقی میچوں کو نومبر میں شیڈول کرنے کیساتھ یہ تجویز دی تھی کہ باقی میچز چھٹے ایڈیشن سے ایک ہفتے قبل کھیلے جائیں جبکہ یہ آپشن بھی موجود ہے کہ گروپ مرحلے کی سرفہرست ٹیم کو ٹرافی کا حقدار قرار دیکر یہ مسئلہ حل کرلیا جائے جو ٹاپ ٹیم ملتان سلطانز کی خواہش بھی ہے لیکن لاہور قلندرز کے مالکان پہلی مرتبہ سیمی فائنل تک رسائی کا موقع گنوانا نہیں چاہتے جن کا کہنا ہے کہ ٹرافی کے فاتح کا فیصلہ میدان میں کھیل کر ہونا چاہئے جو پی سی بی کا موقف بھی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام پلے آف میچوں کی بدولت بڑے ممکنہ مالی فائدے کو کھونا نہیں چاہتے اور اسی وجہ سے قومی ہیڈ کوچ مصباح الحق کی جانب سے بھی باقی میچوں کے انعقاد کی حمایت کی گئی ہے تاہم اس ضمن میں کئی ایسے پہلو ہیں جن کا حل کیا جانا باقی ہے جس میں سرفہرست چار ٹیموں کیلئے کھلاڑیوں کی دستیابی اہمیت کی حامل ہو گی کیونکہ ایونٹ کی شیڈولنگ کرتے ہوئے اس بات کا بھی خیال رکھنا ہوگا کہ ایونٹ میں شامل تمام غیر ملکی کھلاڑی اپنی نیشنل ٹیموں کی جانب سے نہ کھیل رہے ہوں جو موجودہ حالات سے باہر نکلنے کے بعد ان کی اولین ترجیح بھی ہوگی۔