اسلام آباد (وقائع نگار)وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت حکومت نے پی ایس ڈی پی کی مد میں 479 ارب 23 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردئیے ۔ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے ترقیاتی فنڈ کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 310 ارب روپے سے زائد کے فنڈ جاری کئے گئے جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیلئے 98 ارب روپے سے زائد کی رقم جاری ہوئی۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ این ڈی ڈی سی اور پیپکو کیلئے 39 ارب 84 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری ہوئی ۔آزادکشمیراورگلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 29 ارب 30 کروڑ جبکہ کابینہ ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 24 ارب روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔ وزارت آبی وسائل کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 63 ارب 97 کروڑ سے زائد رقم جاری ہوئی جبکہ وزارت خزانہ کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 52 ارب 51 کروڑ روپے اور وزارت صحت کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 10 ارب 78 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری ہوئے ۔ وزارت ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 18 ارب 80 کروڑ روپے کے فنڈز جاری ہوئے ، اعلیٰ تعلیمی کمیشن کیلئے 22 ارب 48 کروڑ سے زائد کی رقم جاری کی گئی۔ ریونیو ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 6 ارب 46 کروڑ روپے کی رقم جاری ہوئی جبکہ ایرا کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 1 ارب 20 کروڑ روپے جاری کئے گئے ۔