لاہور،ملتان (وقائع نگار،خصوصی رپورٹر ، 92 نیوز رپورٹ ) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے اپوزیشن کا منفی بیانیہ عوام نے مسترد کردیا۔ پی ڈی ایم مکافات عمل کا شکار ہو چکی ہے اور یہ غیر فطری اتحاد اپنی موت آپ مر چکا ہے ۔ وزیراعلیٰ سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی اشرف انصاری نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر یونس انصاری اور طاہر بشیر چیمہ بھی موجود تھے ۔ اشرف انصاری اور یونس انصاری نے گوجرانوالہ کیلئے اربوں روپے کا ترقیاتی پیکیج دینے پروزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے کہاخدمت کے جذبے سے کام کررہے ہیں اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے میرے دروازے ہر وقت کھلے رہتے ہیں۔ گوجرانوالہ میرا اپنا شہر ہے ، میں گوجرانوالہ کے ترقیاتی منصوبوں کی خود مانیٹر نگ کروں گا اور انہیں بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ آفس میں کورونا وبا کے دوران عالمی ادارہ صحت کی جانب سے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی خدمات کے اعتراف میں تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ عثمان بزدار تھے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ہیڈ برائے پاکستان ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالاگنا رتنے نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو شیلڈ پیش کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا عالمی سطح پر ڈاکٹر یاسمین راشد کی خدمات کا اعتراف پنجاب حکومت کیلئے باعث فخر ہے ۔ کورونا کی تیسری لہر کے دوران شہری احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ عوام کی زندگیوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا اولین ترجیح ہے ۔وزیراعلیٰ آفس میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے تقریب ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلا کرمہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا پولیو کے خاتمے کیلئے گھر گھر جا کر قطرے پلانے والے ورکرز قومی ہیرو ہیں۔ پولیو ورکرز کیلئے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور عوامی نمائندے بھی انسداد پولیو ویکسی نیشن میں بھرپور کردار ادا کریں۔وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پرصوبہ بھر میں قبضہ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ گزشتہ 2 روز میں قبضہ مافیا کیخلاف مختلف شہروں میں کارروائی کی گئی اور 4 ارب 93 کروڑ 10 لاکھ روپے مالیت کی 2482 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی اور 32 ایف آئی آر درج کی گئیں۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے قبضہ مافیا کے مکمل خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی۔سرکاری اراضی پر قابض افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ قبضہ مافیا کیخلاف زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ قیمتی سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنائیں گے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مشہور ڈرامہ نگار وسکرپٹ رائٹر حسینہ معین اور پاکستان ٹیلی ویژن کی پہلی خاتون اناؤنسر اور معروف براڈکاسٹر کنول نصیرکے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کی خدمات کیلئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔بعدازاں وزیر اعلی عثمان بزدار گزشتہ شام خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے ملتان ایئرپورٹ پہنچے اور بغیر پروٹوکول محسن روڈ پر واقعہ اپنے گھر چلے گئے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلی ملتان میں دو روز قیام کریں گے ۔ اس دوران وہ ڈی جی خان اور ملتان کے انتظامی افسران سے ملاقات بھی کریں گے ۔