کوئٹہ( نیٹ نیوز ) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ گوادر سمارٹ سٹی منصوبے کو اپوزیشن اور پی ڈی ایم سیاسی بنا نا چاہتی ہے ۔ٹوئٹر پر ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا کہ گوادر سیف سٹی منصوبہ کئی سالوں سے تاخیر کا شکار تھا ، ہماری حکومت نے کوئٹہ سیف سٹی کے ساتھ ساتھ گوادر سمارٹ سٹی منصوبے پر کام کا آغاز کیا، اب چونکہ وہ میگا منصوبہ ہے اور کچھ مقامات ایسے ہیں جن کی انسانی طور پر نگرانی نہیں کی جاسکتی اور یہ دنیا میں ہر جگہ ہوتا ہے ،اسی منصوبے کا ایک حصہ یہ بھی تھا کہ گوادر شہر میں شہریوں سے مشورہ کرکے ایک حکمت عملی بنائی جائے گی، گوادر میں باڑ لگانے کا منصوبہ نہیں بلکہ سکیورٹی انتظامات کے تحت کیے جانے والے اقدامات ہیں،بلوچستان اور بالخصوص گوادر میں سکیورٹی کے حوالے کچھ ایسے واقعات ہوئے جو پاکستان، بلوچستان اور گوادر کی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں، ہم کوئی ایسا اقدام نہیں کریں گے جو گوادر اور بلوچستان کے لوگوں کی خواہش کے برعکس ہو۔