کراچی(سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت نے ہیمبرگ جرمنی کادورہ کیا۔پی این ایس اصلت کایہ دورہ بحرِ احمراوریورپین ممالک کے دورے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔بندر گاہ آمدپرپی این ایس اصلت کاپرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔جرمنی میں تعینات پاکستانی مشن کے نمائندگان اورہیمبرگ ریجنل کمانڈکے حکام نے جہاز کااستقبال کیا۔ جہازکایہ دورہ بھر پور پیشہ ورانہ اور سماجی سر گرمیوں پر مشتمل تھا۔پاک بحریہ کے مشن کمانڈر نے جہاز کے کمانڈنگ آفیسر اور نیول اتاشی کے ہمراہ جرمن نیوی کے سر براہ وائس ایڈمرل انڈریا کروز، جرمن نیوی کے چیف آف سٹاف، ہیمبرگ ریاست کے کونسلر، ریجنل کمانڈ ہیمبرگ کے کمانڈنگ آفیسر سے ملاقاتیں کیں۔جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیربھی ان ملاقاتوں کے دوران موجودتھے ۔مزیدبرآں، مشن کمانڈرنے پی این ایس اصلت کے کمانڈنگ آفیسراورنیول اتاشی کے ہمراہ نیول میموریل لابی پرپھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر جہاز کے آفیسرز اورسی پی اوز /سیلرز کی کثیر تعداد موجودتھی۔ دورے کے دوران جرمن حکام کی جانب سے پاکستان کی عوام بالخصوص مسلح افواج کیلئے خیر سگالی اور گرم جوشی کا بھر پور مظاہرہ کیا گیا۔ہیمبرگ میں قیام کے دوران جہازپر ایک ضیافت کا اہتمام کیا گیاجس میں اہم جر منی اور پاکستانی حکام شریک ہوئے ۔وائس چیف آف ڈیفنس اسٹاف وائس ایڈمرل جواچم روہلے (Joachim Ruhle)جرمن نیوی کے سابق سر براہ ایڈمرل ایکسل شمیف (Axel Schimf)ڈائریکٹر میٹریل کمانڈ اینڈ کنٹرول سر وسز جرمن نیوی ، جرمن میں تعینات پاکستانی سفیر، ارجنٹینا ، چین ، کولمبیا، نیوزی لینڈ، رشین فیڈریشن ویننرویلا کے کونسلر جنرلز، کویت، جنوبی کوریا اور یوکرائن کے دفاعی اتاشی، ایشیائپیسیفک اور ساؤتھ پیسیفک کے ڈیسک آفیسرز ملٹری پالیسی،ممتازمقامی شخصیات اور جرمنی میں زیرتعلیم پاکستانی طلبہ نے بھی ضیافت میں شرکت کی۔