پنڈی بھٹیاں، قلعہ دیدار سنگھ، مظفر آباد(نمائندہ 92نیوز،نامہ نگار،صباح نیوز) ٹریفک حادثات کے د وران14افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔تفصیلات کے مطابق موٹروے انٹر چینج پنڈی بھٹیاں کے قریب حادثے میں 5افراد چل بسے ، بس فیصل آباد سے راولپنڈی جا رہی تھی کہ جب وہ موٹروے انٹرچینج پنڈی بھٹیاں کے قریب پہنچی تو بے قابو ہو کر آگے جانے والی پک اپ سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں پک اپ میں سوار 5 افراد جا ں بحق ہو گئے ۔حادثہ ڈرائیور کی غفلت سے پیش آیا بس ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جاں بحق افراد کا تعلق بہاولپور سے بتایا جا رہا ہے ۔علاوہ ازیں تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے علاقہ حافظ آباد روڈ اگو چک کے قریب تیز رفتار مسافربس نے موٹر سائیکل سواروں کو روند ڈالا جس کے نتیجہ میں سولہ سالہ حمزہ اعجاز موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ پندرہ سالہ اویس یونس شدید زخمی ہو گیا۔ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا پولیس نے بس ڈرائیور اور کنڈکٹر کو حراست میں لے لیا۔علاوہ ازیں مظفرآباد کے نواح میں علی الصبح دو مختلف حادثات میں ماں بیٹے سمیت 8افراد جاں بحق اور 6زخمی ہو گئے ۔پولیس کے مطابق دونوں حادثے پہاڑی رابطہ سڑکوں پہ برف باری کے بعد جمے کورے پر پھسلن کے باعث پیش آئے ۔ہائی ایس ویگن پھسلن کے باعث تولہ کے مقام پر سڑک سے دو سو گز گہری کھائی میں جا گری۔ دچھور فقیراں سے گڑھی دوپٹہ قصبہ میں آنے والی اس ہائی ایس میں ڈرائیور سمیت 6افراد سوار تھے ۔حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور مراد عباسی، سائیں خان اور اقرا بی بی دختر شبیر عباسی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ رفیق عباسی، کبیر عباسی اور نثار عباسی زخمی ہوئے ۔ دوسرا حادثہ میں جیپ ست پِہالی گائوں سے مرکزی شاہراہ پر واقع کرولی گائوں آرہی تھی، گاڑی پتھریلی ڈھلوان پر لڑھکتی ہوئی دو سو گز نیچے جاگری جس کے نتیجہ میں ماں بیٹے سمیت 5 افراد موقع پر جاں بحق اور میاں بیوی سمیت تین شدید زخمی ہوئے ۔دریں اثنا آزادکشمیر کے وزیراعظم نے ایک ٹوئٹر پیغام میں ٹریفک سڑک کے حادثات میں 8 افراد کی ہلاکت اور چھ دیگر کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ۔