کراچی/کوئٹہ/اسلام آباد(این این آئی)جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنماحافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ 26اپریل سے پی ڈی ایم تحریک کی شروع ہونے والی تیسری لہر بھی کورونا وائرس کی طرح نت نئے انداز اپنائے گی ۔اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں برادر یوسف کو بھائی کے لندن بیانیہ کے احترام میں ’’خود ساختہ‘‘ قید کو ضمانت پر ترجیح دیناپڑی ۔ اب قومی اور پنجاب اسمبلی کے قائد حزب اختلاف کی طے شدہ ضمانتی رہائی پیپلزپارٹی اور اے این پی کے علیحدگی کے باعث اب برادر یوسف کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم ہوگا۔اس لیے برادربزرگ یعنی بڑے میاں کے ممکنہ ریلیف کیلئے برادریوسف کا کردار نہ صرف ’’ باپ‘‘ بلکہ اصل ’’مائی باپ‘‘ کے ساتھ تعاون کا ہی ہوگا ۔ اب وقت آگیا ہے کہ ’’نمائشی قیادت‘‘ اب اپنا بوریا بسترسمیٹے ۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے اصل دستور کو بحال کر کے دیانت دارانہ اور غیر جانبدارانہ ’’انٹراپارٹی ‘‘ انتخابات کرائے جائیں ۔