لاہور(سٹاف رپورٹر)گورنر پنجاب چودھری سرور نے پنجاب ایریگیشن ڈرینج اتھارٹی (پیڈا) ختم کرکے کھال پنجایت اتھارٹی بنانے کے لئے آرڈیننس جاری کردیا جس کے پیش نظر تمام کسان تنظیمیں غیر فعال ہوگئی ہیں اور اب پنجاب میں نہری نظام نئی اتھارٹی کے تحت چلایا جائے گا۔اس حوالے سے گزشتہ روز کھال پنچایت اتھارٹی کا پہلا اجلاس صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں محکمہ آبپاشی کے افسران نے شرکت کی۔ محسن لغاری نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کھال پنچایت اتھارٹی آرڈیننس کی منظوری کے بعد تمام کسان تنظیمیں غیر فعال کر دی گئی ہیں۔پنجاب حکومت کی طرف سے پیڈا کو پنجاب کھال پنچایت اتھارٹی میں بدل دیا گیا ہے ۔ گور نر سے پنجاب کھل پنچایت اتھارٹی آرڈیننس کی منظوری لے لی گئی ہے ۔پیڈا کے ملازمین کو ملازمت کی موجودہ شرائط پر ہی پی کے پی اے کا حصہ بنا دیا گیا ہے ۔ایریا واٹر بورڈز کا انتظام متعلقہ ایس ایز کے پاس چلا گیا ہے ۔ آرڈیننس کے بعد آبیانہ کلیکشن کی ذمہ داری ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے دائرہ کار میں شامل ہو گئی ہے ۔