ملتان،شجاع آباد(نیوز رپورٹر، نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں ، موجودہ حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا،پانامہ لیکس اور پنڈورا پیپرز میں شامل افراد کے خلاف تحقیقات کی جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کسی وعدے کو پورا نہیں کیا ، سپریم کورٹ نے اقامہ پر تو فیصلہ دیا لیکن پانامہ پر فیصلہ نہیں سنایا ، پنڈورا باکس میں پاکستان سے 700 دہشت گردوں کے نام آئے ہیں۔ اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان سید یوسف اکبر نقوی نے کہا ڈسٹرکٹ بار ہمیشہ جمہوری روایات کی علمبردار رہی ہے ۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اقرا ایجوکیشن سسٹم میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے کہیں کہ بنی گالہ کے تھانے کو ہی ٹھیک کر لیں باقی تبدیلی بعد میں لانا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جتنا آپ مہنگائی سے پریشان ہیں اتنا ہی آپکا وزیراعظم مہنگائی سے پریشان ہے ، اسے بھی ٹی وی سے مہنگائی کا پتہ چلتا ہے ۔ شاکر شجاع آبادی شاعر کے اشعار سن سن کر شجاع آباد شہر سے خصوصی محبت ہوگئی۔ان کی بیماری اور حالت کا سن کر دکھ ہوا۔ انہوں نے ایک ملک شاپ کا بھی افتتاح کیا۔