لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہو گی جس میں پاکستان کے کھیلوں کے سب سے بڑے سپر اسٹار اور اسکواش کے عظیم کھلاڑی ٹرافی لے کر اسٹیڈیم میں آئیں گے ۔جہانگیر خان ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر سٹیڈیم میں خوبصورت ٹرافی لے کر آئیں گے اور اسے دفاعی چمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کے سپرد کریں گے ۔تقریب کے دوران سرفراز احمد یہ ٹرافی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کے سپرد کریں گے جو تمام فرنچائز مالکان اور کپتانوں کے ہمراہ ٹرافی کی رونمائی کریں گے ۔اس مرتبہ پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی برطانیہ کی کمپنی اوٹ ول سلور اسمٹس نے تیار کی ہے جس کے اوپر ایک چاند اور تکون ستارہ پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے ۔ٹرافی کی لمبائی 65سینٹی میٹر ہے اور اس کا کل وزن 8کلو ہے جس میں مخصوص رنگ بھی نمایاں ہیں۔رواں سال متعارف کرائی جانے والی ٹرافی اب پاکستان سپر لیگ کے مستقبل کے تمام مقابلوں میں استعمال کی جائے گی اور ہر سال ایونٹ جیتنے والی ٹیم کا نام اس ٹرافی پر درج کیا جائے گا۔اسکواش کی دنیا کے بے تاج بادشاہ جہانگیر نے پی ایس ایل کی ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کو غیرمعمولی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں اعلیٰ سطح کی کرکٹ کی سرگرمیاں متعارف کرائیں جس سے دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا۔