لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی جانب سے کورونا لاک ڈاؤن میں کسی ملازم کو فارغ نہ کرنے کے اعلان کے برعکس پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملازمین کو فارغ کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے ، کئی سالوں سے بورڈ میں کام کرنے والے نچلے درجہ کے پانچ ملازمین کو فارغ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ، ہزاروں روپے تنخواہ لینے والے سٹاف کو فارغ کر کے لاکھوں روپے تنخواہ لینے والے سٹاف کی بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں 800 کے قریب ملازمت کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان میں سے اضافی اور غیر ضروری اور غیر فعال سٹاف فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔پہلے مرحلے میں لوئر گریڈ کے ملازمین کو فارغ کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق صرف لوئر سٹاف فارغ نہیں کیا جا رہا اس میں مڈل اورسینئر مینجمنٹ بھی شامل ہیں۔پی سی بی چیف ایگزیکٹو نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ ادارہ مالی طور مستحکم ہے ، موجودہ حالات میں اڑھائی تین سال مشکل نہیں ہونی چاہیے تاہم اب ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ ناقابل فہم ہے ۔ پہلے مرحلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ ہیڈ کوارٹر سے فارغ ہونے والوں میں ہیلپرز اور آفس بوائز شامل ہیں ، دیگر شعبوں سے بھی نکالے جائیں گے ۔پانچ ملازمین کی بر طرفی کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے ، نوٹس کے مطابق ملازمین یکم جولائی سے نوکریوں سے فارغ ہوں گے ۔ان میں رحمان حسن اور قیصر،دلاور علی ،بابر علی اور سہیل مقصود شامل ہیں ،بعض ملازمین نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بورڈ کی نئی مینجمنٹ پرانے ملازمین کو نکال کر ان کی جگہ اپنی پسند کے افراد کو ملازمت دینا چاہتی ہے ۔