لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن بورڈ کے صدر شامی ڈی سلوا کے سری لنکا پہنچتے ہی پاکستان میں سکیورٹی انتظامات پرنامناسب تبصرے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے سری لنکن بورڈ کے عہدیداروں سے رابطہ کر کے مایوسی کا اظہار کیا ۔سری لنکن بورڈ کے صدر شامی سلوا نے کولمبو میں پاکستان میں سکیورٹی انتظامات پر غیر مناسب تبصرہ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ہوٹل میں ہی قیام سے بیزار ہوگئے تھے ۔پی سی بی ذرائع کے مطابق سری لنکن ٹیم کے لئے سربراہ مملکت کے لیول کی سکیورٹی سری لنکن بورڈ کے کہنے پر ہی دی گئی تھی ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے سری لنکن کھلاڑیوں کو لاہور اور کراچی میں گالف کھیلنے اور شاپنگ کرنے کی پیشکش ساتھ ساتھ مہمان ٹیم کو لاہور اور کراچی میں حکومت کی جانب سے عشائیوں کیلئے بھی مدعو کیا گیاان تمام دعوتوں کو سری لنکن بورڈ نے خود ٹھکرایاتھا ۔ پی سی بی نے سری لنکا کرکٹ کے مختلف عہدیداران کو تمام صورت حال سے آگاہ کردیا ہے ۔سری لنکن بورڈ کے صدر شامی ڈی سلوا کے تبصرے کے بعد پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کا پاکستان میں انعقاد کھٹائی میں پڑ سکتا ہے ۔