لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے 55 ملازمین کو نوکری سے برخاست کرنے کا نوٹس ایک روز بعد ہی واپس لے لیا۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ سٹاف کا زیادہ ہونا موجودہ بورڈ کے لیے طویل مدتی پائیداری کا مسئلہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے لیے وقت کا چناؤ بہت اہم ہوتا ہے لہذا اس عمل سے متعلق اپنائے گئے طریقہ کار اور دیگر ذرائع میں بہتری کی ضرورت تھی۔وسیم خان نے کہا کہ ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے ہم نے اپنے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد اس پر فوری نظرثانی کی اور نوٹسز کو فوری طور پر واپس لے لیا۔انہوں نے کہا کہ اس دوران پی سی بی اپنی ری اسٹرکچرنگ کا عمل جاری رکھے گا اور اس حوالے سے اپنے ملازمین کی معقول تعداد کو یقینی بنانے کے لیے معقول وقت پر ضروری فیصلے کرے گا۔ملک بھر میں پی سی بی کے ملازمین کی مجموعی تعداد 710 ہے ، جس میں سے لاہور میں 361 اور کراچی دفتر میں 70 ملازمین ہیں۔