اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کی منظوری دیدی گئی ،نئے آئین کے تحت وزیر اعظم کرکٹ بورڈ کو پالیسی گائیڈ لائن دے سکیں گے ۔ منگل کو وفاقی حکومت نے نئے آئین کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،وفاقی کابینہ نے پی سی بی کے نئے آئین کی منظوری رواں ماہ دی تھی ،نئے آئین میں پی سی بی چیئرمین کو مزید بااختیار بنایا گیا،نئے آئین سے پی سی بی کے چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کے حوالے وزیراعظم کے اختیارات کی شق غائب ہے ،پی سی بی کے 2014کے آئین میں وزیراعظم کے پاس بطور پیٹرن اختیارات موجود تھے ،نئے آئین کے تحت وزیر اعظم کرکٹ بورڈ کو پالیسی گائیڈ لائن دے سکیں گے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین کی برطرفی اور گورننگ بورڈ تحلیل کرنے سے متعلق نئے آئین سے شق 7 کو مبینہ طور پر نکال دیا گیا،چیئرمین پی سی بی نئے آئین کے تحت بورڈ آف گورنرز کو جواب دہ ہوگا۔ نجم سیٹھی، ذکا اشرف کو ماضی میں چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے وزیر اعظم کی ہدایت پر ہٹایا جا چکا ہے ۔