لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سی ای او وسیم خان نے کہا ہے کہ بورڈ نومبر میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء کے بقیہ چار میچوں کے انعقاد پر غور کر رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنے باقی میچوں کو مکمل کرنے کے لئے نومبر میں ونڈو کی نشاندہی کی ہے لیکن یہ کرونا سے مشروط ہے ، زمبابوے کا بھی نومبر میں پاکستان کا دورہ کرنے کا شیڈول ہے جس میں تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے میچ کھیلے جائیں گے ۔پی ایس ایل کی نشوونما کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ اس سال 26 میچز میں 500،000 سے زائد شائقین نے سٹیڈیم کا رخ کیا اور اگر بقیہ میچز ملتوی نہ کیے جاتے تو آخری چند میچوں میں اعداد و شمار میں اضافہ ہوتا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان منتقل ہونے کے بعد پی ایس ایل کا برانڈ مزید بڑھ گیا ہے ، پورے پی ایس ایل کو پاکستان میں رکھنا ایک بہت بڑا چیلنج تھا کیونکہ ہمارے پاس انفراسٹرکچر نہیں تھا لیکن پی سی بی کے عملے نے بہت اچھا کام کیا۔پی ایس ایل 6 کے میچز پشاور میں کروانے کے منصوبوں کا انکشاف کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی کا مقصد جہاں تک ممکن ہو سکے کرکٹ کو دور دراز تک لے جانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کے لئے لائف بلڈ کی حیثیت رکھتا ہے اور ملک میں اس کے تمام میچز کروانا اچھی بات ہے ۔