اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف کے رہنماجاوید بدر نے وفاقی حکومت کی جانب سے کرکٹ بورڈ میں مبینہ کرپشن کے خلاف ایکشن نہ لینے پرکرکٹ بورڈکے خلاف آئی سی سی میں جانے کی دھمکی دے دی۔گزشتہ روز جاوید بدرنے اپنے جاری بیان میں کہا کہ کرکٹ بورڈ میں مبینہ کرپشن کے حوالے سے تمام ثبوت ایف آئی اے حکام کے حوالے کردئیے تھے ، کرکٹ بورڈ پی ایس ایل میں کی جانے والی مبینہ طور پر اربوں روپے کی کریشن کو چھپا رہا ہے ،چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے بھی ملاقات میں انکوائری کا مطالبہ کیاتھا جو انہوں نے نہیں مانا ۔ انہوں نے کہاکہ سٹیزن پورٹل میں بھی پی ایس ایل میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کی درخواست کی تاہم وہاں سے بھی کوئی جواب نہیں آیا ۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں ہونے والی بے ضابطگیاں اینٹی کرپشن یونٹ میں پیش کروں گا ، کرکٹ بورڈ کو لُوٹنے والوں میں بہت بڑے بڑے نام شامل ہیں ، پی ایس ایل میں مبینہ کرپشن کے خلاف آئی سی سی میں جانے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ چند دنوں میں اس سلسلے میں عملی اقدام بھی کیاجائے گا ۔