پشاور(خبرنگار) پی ڈی ایم نے 22نومبر کو پشاور میں دلہ زاک روڈ چوک میں جلسہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم جلسے کی میزبانی کا فیصلہ کرنے کیلئے آج سیاسی جماعتوں کے جنرل سیکرٹریز کی میٹنگ طلب کرلی گئی ہے ،جلسے سے نواز شریف بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے ، گزشتہ روز پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے صوبائی قائدین کا اجلاس پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر ہمایوں خان کی رہائشگاہ پر ہوا جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عطاء الرحمنٰ نے کہا کہ جلسہ صبح دس بجے شروع ہوگا ،نماز ظہر کے بعد قیادت تقاریر کریگی ، بلاول جلسہ میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی کرینگے ، حکومت سے مذاکرات استعفوں کی صورت میں ہوسکتے ہیں اس سے کم پر بات نہیں ہو گی ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا کہ جلسہ گاہ کا تعین ہوگیا ،وزیر داخلہ کے بیان پر ن لیگ کا بیان آنا چاہیے ۔ پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر ہمایوں خان نے کہا کہ جلسہ مظلوم عوام کی بالا دستی کے لئے ہے ، ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام نے کہا کہ حکومت کی کشتی کو ڈبو دینگے ، مہنگائی کی بدترین صورتحال ہے ،جمعیت علماء اسلام (ف) کے ترجمان عبد الجلیل جان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ جلسے کی مشترکہ میزبانی کی دعوت دی ہے ۔