اسلام آباد(خبر نگار)تحریک انصاف کے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سکروٹنی کمیٹی کی کارروائی موخر کروانے کیلئے حیلے بہانے بنارہی ہیں۔گزشتہروز مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے میں سکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی نے سکروٹنی کمیٹی میں جعلی دستاویزات جمع کرانے کی کوشش کی،پیپلز پارٹی نے امریکہ میں قائم کمپنی کو مان لیا، جبکہ ن لیگ نے رسیدیں دیں اور نہ شناختی کارڈز کی تفصیلات جمع کرائیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ یہ کس منہ سے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کریں گے پاپڑ، فالودہ اور چائے والے کے اکاؤنٹ والی واردات ان کی تھی،ہم تو بینکنگ چینل سے باہر سے پیسہ لے کر آئے ۔انھوں نے کہا پانامہ رانی کا احتجاج ان کے اپنے خلاف جائے گا،مجھے لگتا ہے مجوزہ احتجاج این آر او لینے کی ایک اور کوشش ہے ۔انھوں نے کہا ہم نے پیپلز پارٹی کی ممنوعہ فنڈنگ کی دستاویزات سکروٹنی کمیٹی کے سامنے رکھیں۔فرخ حبیب نے دعویٰ کیا کہ آصف زرداری کے دستخطوں کے ساتھ مارک سیگل کے ساتھ معاہد ہوا،2008 سے 2013 سے حسین حقانی اور شیری رحمان کے امریکہ سفارت کے دور میں مارک سیگل کو نوازا گیا،این ار او دلانے کی قیمت مارک سیگل کو ادا کی گئی۔پیپلزپارٹی نے اخراجات میں ان ادائیگیوں کو الیکشن کمیشن میں نہیں بتایا۔پیپلزپارٹی کو مشورہ دیتا ہوں قطری شہزادی کی راہ پر چلنے سے گریز کریں۔