اسلام آباد، لاہور، کراچی ( خبر نگار خصوصی، نمائندہ خصوصی سے ، نیوز ایجنسیاں، سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پرآج ملک بھر میں ڈویژنل سطح پر کسان ٹریکٹر ٹرالی مارچ کیاجائے گا۔ بلاول بھٹو زرداری دوپہر تین بجے حیدرآبادمیں مارچ کے شرکا سے خطاب کریں گے ۔ حیدرآباد بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کے نام اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا جمہوریت اورآئین کو بچانے کیلئے وکلاء برادری ہمارا ساتھ دے ، 27 فروری کو سب کو باہر نکلنا ہوگا، ملک نازک دور سے گذررہا ہے ،جمہوریت اورآئین سلیکٹڈ حکومت کے نشانے پرہیں۔کسان مارچ کے نام پیغام میں شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری نے کہاحکومت کسانوں کو کھاد مہیا کرنے میں ناکام ہو گئی، کسان ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی اورزرعی طور پر مستحکم پاکستان کی ضمانت ہیں، کسانوں کو محنت کا پھل نہ ملناانتہائی ناانصافی اورمعاشی استحصال ہے ، پیپلزپارٹی کسانوں سے انصاف کی روایت برقرار رکھے گی اور کسانوں کی مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنائے گی،زرعی طور مضبوط پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور ہے ۔دوسری جانب یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں لانگ مارچ آرگنائزنگ کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں لانگ مارچ اور ٹریکٹر ٹرالی مارچ کی کامیابی یقینی بنانے کے لئے تیاریوں و لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پرویز اشرف، نئیربخاری، قائم علی شاہ ودیگر شریک ہوئے ۔آرگنائزنگ کمیٹی نے کہا تمام تنظیمی عہدیداران اور کارکنان کسان ٹریکٹر ٹرالی مارچ کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بنائیں۔ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ لاہور میں حسن مرتضی ودیگر کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدرپیپلز پارٹی وسطی پنجاب راجہ پرویز اشرف نے کہا ان ہاؤس تبدیلی ہی جمہوریت اور پارلیمنٹ کو مضبوط کرنیکا راستہ ہے ،پیپلز پارٹی کے پاس اس کے علاوہ کوئی آپشن نہیں،اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے مثبت اشارے آ رہے ہیں،پنجاب میں حکومت کے پاس بہت کم اکثریت ہے ،پیپلز پارٹی جمہوری طریقوں عدم اعتماد اور ان ہاؤس تبدیلی پر یقین رکھتی ہے ،کسان کمزور ہو گا تو بہتر معیشت کی طرف نہیں جا سکتے ،کسان کو کھاد بیج نہیں مل رہا،صدارتی نظام محض شوشہ ہے ،عمران خان نے وزیر اعظم بن کرجو تیر چلائے ہیں صدر بن کر بھی وہی تیر چلائیں گے ،شاہ محمود نے بچگانہ بات کی،وہ لانگ مارچ کی بجائے عوام کے مسائل حل کریں، عام اور بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جیت کے روشن امکانات ہیں،ن لیگ والے بھی تحریک عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں۔صدر سرکل منڈی احمد آباد،پاکستان کسان اتحادٹکٹ ہولڈر برائے چیئرمین یونین کونسل 106میاں سردار خان وٹو اورتحریکِ انصاف کے یونین کونسل 116 سے ٹکٹ ہولڈر برائے چئیرمین میاں الطاف حسین وٹو نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔