پشاور(92نیوز)وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہاہے کہ حکومت کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی حکومت اپنی مدت پوے کریں گی ،عمران خان اگلی بار بھی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے ۔وہ گل ڈھیری زیارت کاکاصاحب میں ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔ پرویزخٹک نے کہا کہ میں جب خیبرپختونخواکا وزیر اعلی ٰبنا تو اپوزیشن شور مچاررہی تھی کہ یہ حکومت پانچ سال پورے نہیں کرے مگرمیری حکومت نے پانچ سال پورے کیے اپوزیشن پیپلز پارٹی کا واویلاہ بے وقت کی راگنی ہے ،عام انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی اگر اپوزیشن کو شک ہے تو ثبوت سامنے لائے ۔ عمران خان اس ملک کو قرضوں کے دلدل سے نکالیں گے ۔ تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے سے سفارش اور اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کیا۔ وفاق کی سطح پر بھی سفارش کلچر اور اداروں سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کریں گے ۔پرویز خان خٹک نے کہا کہ وفاقی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہمارا ملک بہت بدقسمت اور بدنصیب ملک ہے کیونکہ یہاں پر کسی نے بھی ملک وقوم کے فائدے کی بات نہیں کی۔اور ہمیشہ غلط پروپیگنڈے کیے جاتے رہے ہیں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے پانچ سال پورے کر ے گی اورملک آگے چلے گا۔