اسلام آباد،کراچی (خبر نگار خصوصی ،این این آئی،92 نیوزرپورٹ )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی جانب سے سندھ میں گورنر راج لگانے سے متعلق بیان سامنے آنے کے بعد پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے کی۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے بیان پر مشاورت کی گئی اور عدم اعتماد ،لانگ مارچ اور ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اجلاس میں یوسف رضا گیلانی، پرویز اشرف، شیری رحمان، نیر بخاری، فرحت اﷲ بابر، رضا ربانی، نوید قمر ، مراد علی شاہ، خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ و دیگر نے شرکت کی ، اجلاس نے صدر پاکستان سے بھی کہا ہے کہ وزیراعظم کی کسی ایڈوائس پر توجہ نہ دیں۔ اجلاس نے چند وفاقی وزراکی جانب سے اراکین کو دھمکیاں دینے اور عدم اعتماد پر ووٹنگ کے آئینی عمل میں رکاوٹ ڈالنے پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طریقہ کار میں رکاوٹیں ڈالنے کی ہر صورت میں مزاحمت کریں گے جبکہ پی پی کے تمام صوبائی صدور بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے ۔ جبکہ پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا میں چار بڑے جلسوں کا اعلان کردیا، بلاول بھٹو 20 مارچ کو چترال ، 21مارچ اپر دیر ، 22 مارچ کو مالاکنڈ اور 25 مارچ کو کرم ایجنسی میں خطاب کریں گے ۔