لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ لاہور میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے پروفیسرڈاکٹر سعود ڈار کی سربراہمی میں جگر کی پیوند کاری کا دوسرا کامیاب آپریشن کرلیا جس میں 18سالہ بیٹے نے اپنی ماں کو جگر عطیہ کیا ہے دونوں ماں بیٹے کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے ۔ ڈاکٹر فیصل ڈار نے ٹیم کے ہمراہ نسیم بی بی کا دس گھنٹے کا طویل آپریشن کیا۔ ڈاکٹروں کی ٹیم میں ڈاکٹر سہیل راشد ،ڈاکٹر احسان الحق اور ڈاکٹر یاسر خان شامل ہیں۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ڈاکٹروں کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ لاہورمیں پہلا ٹرانسپلانٹ کرانے والے مریض کو صحت یابی کے بعد ڈسچارج کیاجاچکا ہے ۔ کامیاب آپریشن پر کڈنی اینڈلیور انسٹی ٹیوٹ لاہور کی انتظامیہ اورآپریشن کرنے والی ٹیم کو مبارکباد اور شاباش دیتی ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ مریضوں کو مزید سہولیات مہیا کرنے کے لئے پی کے ایل آئی کی استعداد کار میں مزید اضافہ کیاجائے گا۔