اسلام آباد(سید نوید جمال )تحریک انصاف نے نیب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے خلاف فوری کارروائی کرنے کامطالبہ کردیا ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنما جاوید بدر نے روزنامہ 92 نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ان کی جانب سے نیب کو نجم سیٹھی کے حوالے سے ایک درخواست بھجوائی گئی تھی تاہم اب تک 10 یوم کے بعد بھی نیب کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا،انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی جب سے پی سی بی چیئرمین بنے ہیں انہوں نے ایک بھی فنانشل رپورٹ پبلک نہیں کی ، نجم سیٹھی کو اب غیر قانونی بھرتیوں اور مالی بے ضابطگیوں کا جواب دینا ہی ہوگا ،انہوں نے چیئرمین نیب سے درخواست کی کہ فوری طور پر نجم سیٹھی کے خلاف کارروائی شروع کی جائے ، اگر نیب نے نجم سیٹھی کے خلاف فوری کارروائی نہ کی تو وہ عید کے فوری بعد عدالت سے رجوع کریں گے ،فیصل بدرنے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاکہ نجم سیٹھی کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا جائے تاکہ وہ ملک سے راہ فرار اختیار نہ کرسکیں،انہوں نے کہاکہ پی سی بی کے فنانشل ریکارڈ کے ساتھ بھی چھیڑ چھاڑ کا خطرہ مو جود ہے ، پاکستان کرکٹ بورڈ اس وقت کرپٹ لوگوں کے ہاتھ میں ہے نجم سیٹھی کیخلاف فوری ایکشن لیاجائے ۔