کوئٹہ (رپورٹ: خلیل احمد) پی ڈی ایم اے بلوچستان شدید مالی بحران سے دوچار ہوگیا، ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی ممکن نہیں رہی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پی ایم ڈی اے بلوچستان کو واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی بھی بند ہوگئی جبکہ خشک سالی اور سیلاب سے متاثرہ 29 اضلاع میں لاکھوں افراد کو امدادی سامان کی فراہمی کے بعداس کے گودام خالی ہوچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ادارے نے فنڈز کی فراہمی کیلئے محکمہ خزانہ کوکئی بارسمری بھیجی ہے ، اس کے باوجود کئی ماہ سے فنڈز فراہم نہیں کئے جارہے ۔ اگلے ماہ تنخواہوں کیلئے فنڈز نہ ہونے سے عملہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ، ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی مون سون کے حوالے سے ایمرجنسی ڈکلیئر ہے لیکن کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے بلوچستان کچھ کرنے کے قابل نہیں ۔