لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو عوام کی پروا نہیں جبکہ ٹھوکر کے قریب نیابس ٹرمینل بنانے کی منظوری بھی دیدی۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس میں عالمی معیار کا بس ٹرمینل بنانے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ نیا بس ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب بنایا جائے گاجس میں عالمی معیار کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد اور ملتان میں بھی نئے بس ٹرمینل بنائیں گے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے محکمہ ٹرانسپورٹ کو 10 دسمبر تک بس ٹرمینل کا ڈیزائن پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں گرین الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسوں سے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ میں کمی ہوگی۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کا دائرہ کار پنجاب کے ہر شہر تک پھیلائیں گے ۔وزیر اعلیٰ نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ کمیٹی اس ضمن میں اپنی سفارشات جلد پیش کرے ۔وزیر اعلیٰ نے پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کی بھی اصولی منظوری دی۔دریں اثنا انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو عوام کی زندگیوں کی کوئی پرواہ نہیں اور اپوزیشن ٹولہ اپنی منفی سیاست کیلئے لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے ۔ ان عناصر کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔علاوہ ازیں انہوں نے سینئر صحافی اور معروف کالم نگار عبدالقادر حسن کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔بعدازاں انہوں نے بیرسٹرخالدخو رشید کو گلگت بلتستان کا وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباددی اوران کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔