ملتان (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کررہا ہے ، ہمارے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ ہندوستان پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی، کالعدم تنظیموں سے رابطے کرکے پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوششیں کر رہا ہے ۔ 14 نومبر کو ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے ذریعے ڈوزیئر کے ذریعے عالمی برادری کو آگاہ کیا کہ ہندوستان پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کر رہاہے لیکن ہندوستان اپنی اس کوشش میں ناکام رہے گا۔ ہندوستان نے سی پیک کو ناکام بنانے کیلئے اربوں روپے مختص کئے ، ہندوستان افغانستان کے امن مشن میں بھی رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہاہے ۔ بھارت پاکستان کیخلاف سازشیں کر رہا ہے جن کی بدولت خطہ عدم توازن کا شکار ہو رہا ہے اور اسکے بھیانک نتائج ہو سکتے ہیں۔این اے 157کی یونین کونسل ملتانی والہ میں استقبالیہ تقریب سے خطاب میں وزیرخارجہ نے کہا پاکستان دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے سفارتی و عملی میدان میں کام کررہا ہے ، پاکستان کی افواج دہشتگروں کا بھر پور مقابلہ کر رہی ہے اور ملکی سلامتی کے حوالے سے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے ۔ امید کرتا ہوں ملکی سلامتی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپوزیشن قیادت ذاتی ایجنڈے کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ رویہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیرونی جارحیت و دہشتگردی کیخلاف یکجا ہونگے اور ملکی سلامتی کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان کے مطابق افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونگے ۔انہوں نے کہا پی ڈی ایم کے پاس عوام کیلئے کچھ نہیں،لاہور اور لاڑکانہ کی سڑکوں پر ایک دوسرے کو گھسیٹنے کے اعلان کرنے والے ایک دوسرے کے گھروں کے مہمان بن گئے ، یہ انکی اصلیت ہے ۔ سوال کرتا ہوں لاڑکانہ جلسے میں مولانا فضل الرحمن کیوں نہیں آئے ؟ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں پی ڈی ایم کی صفوں میں واضح دراڑ نظر آرہی ہے ۔ پی ڈی ایم سے پوچھتا ہوں کہ وہ استعفے کب دیں گے ۔ پیشین گوئی کررہا ہوں مفادات کی بنیادپر بننے والا پی ڈی ایم جلد اپنے انجام کو پہنچتا نظر آرہاہے ۔کرپشن اور لوٹی ہوئی دولت کو تحفظ دینے کیلئے پی پی ن لیگ ایک ہوئے ۔ آج ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کی روح کوتکلیف پہنچ رہی ہوگی، انکے فلسفے اور نظریات کے بد ترین مخالف آج انکے گھر براجمان ہیں۔