کراچی(سٹاف رپورٹر)نئی حکومت آنے کے بعد پی آئی اے میں بھی تبدیلی آگئی، ادارے نے گزشتہ ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 100ارب روپے کا ریونیو حاصل کرلیا، رواں سال کے آخری 5ماہ میں ریکارڈ بزنس کیا۔ ذرائع نے بتایاکہ90ارب ٹکٹوں کی فروخت، 5ارب کارگو اور5ارب روپے اضافی سامان کی مد میں حاصل کیے گئے ۔ اس کے علاوہ یو کے اسٹیشن سے 110ملین پاؤنڈز کا ریونیو حاصل کیا جبکہ برطانیہ میں 50فیصد ریونیو لندن میں ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہوا، مجموعی ریونیو مانچسٹر، برمنگھم اور بیڈفورڈ میں ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہوا۔ پی آئی اے نے رواں مالی سال میں برطانیہ میں 10سال کاریکارڈ بزنس کیا۔علاوہ ازیں پی آئی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ جدہ کیلئے ملک بھر سے ہفتہ وار28پروازوں میں اضافہ کرکے 35 کیاجائے گا، 15جنوری سے سیالکوٹ سے پیرس اور بارسلونا سے پروازیں شروع کی جائیں گی۔