لاہور(نامہ نگار) پی آئی اے کی ایئرہوسٹس فریحہ مختار کینیڈا جاکر لاپتہ ہوگئی۔ فریحہ پرکرنسی اور قیمتی موبائل فونز سمگل کرنے کا الزام تھا، جس کے باعث اسے 2015 میں معطل کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق فریحہ مختار کے امریکہ سمیت تمام بین الاقوامی روٹس پر ڈیوٹی کرنے پر پابندی عائد تھی، تاہم اس کے باوجود وہ کینیڈا جانے میں کامیاب ہوگئی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق فریحہ مختار 11 ستمبر کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 789 سے ٹورنٹو گئی تھی اور جمعرات کو لاپتہ ہوئی۔ ذرائع کے مطابق فریحہ لاہورسے تعلق رکھتی ہے لیکن اسکی ڈیوٹی کراچی سے لگوائی گئی، فریحہ اثرورسوخ ہونے کی وجہ سے پابندی کے باوجود کینیڈا ڈیوٹی لگوانے میں کامیاب ہو گئی۔ ایئرہوسٹس کے کینیڈا میں غائب ہونے پر پی آئی اے کو 8 ہزارڈالر جرمانہ بھی ہوا۔ پی آئی اے حکام نے فریحہ کو معطل کر کے انکوائری شروع کر دی ہے ۔ترجمان پی آ ئی اے نے بتایا کہ انکوائری مکمل ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی،کینیڈین پولیس کو بھی اطلاع کردی گئی ہے ۔