لاہور(وقائع نگار،جنرل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ اڑھائی برس میں صرف خلوص نیت کے ساتھ عوام کی خدمت کی ۔ پی ڈی ایم مسترد شدہ عناصرکا ٹولہ ہے اور یہ عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ن لیگی رکن ایم ارشد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ن لیگی ایم پی اے نے وزیراعلیٰ پر اعتماد کا اظہار کیا اور حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اراکین پنجاب اسمبلی میرے دست و بازو ہیں، انہیں عزت و احترام دیں گے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے صوبے میں ٹائیفائڈ سے بچاؤکے حفاظتی ٹیکے لگانے کی خصوصی مہم کا افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹائیفائڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کی خصوصی مہم کا آغاز یکم فروری سے ہوگا۔15فروری تک جاری رہنے والی مہم میں پہلے مرحلے میں 12اضلاع کے 9ماہ سے 15برس تک کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے جبکہ مئی میں دوسرے مرحلے میں 24اضلاع میں مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ شعبہ صحت ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ پنجاب میں یہ پہلی حکومت ہے جو ماں اور بچے کی صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔ ہماری حکومت نے میانوالی،اٹک،بہاولنگر،سیالکوٹ،راجن پور، لیہ اور لاہور 7نئے زچہ و بچہ ہسپتالوں کی تعمیر پر کام شروع کر رکھاہے ۔چلڈرن ہسپتال لاہور میں یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ۔اس موقع پر صوبائی وزیریاسمین راشد نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس،مشیربرائے صحت حنیف پتافی،معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان،سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیپٹن(ر) عثمان،ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، یونیسف اوراعلی حکام نے تقریب میں شرکت کی۔قبل ازیں صوبائی وزیرقانون بشارت راجہ نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور بسنت منانے کی محدود ومشروط اجازت دینے سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا تاہم وزیراعلیٰ نے پنجاب بھرمیں بسنت پرمکمل پابندی عائد کردی۔وزیر اعلی پنجاب نے حکم دیا کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔پتنگیں،ڈور بنانے ، بیچنے اور پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔