لاہور (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان سپرلیگ سیزن پانچ کے مناسب اختتام کیلئے فرنچائز کی منقسم رائے کی وجہ سے سیمی فائنل اور فائنل کا انعقاد پی سی بی حکام کیلئے مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے جو آئندہ چند ماہ میں حالات کی بہتری کے بعد نومبر میں باقی میچوں کا انعقاد کرانا چاہتے ہیں۔لیگ کے انعقاد کا سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ محض تین دن کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز اور16 غیر ملکی پلیئرز کو یکجا کیسے کیا جائے ۔پی ایس ایل کی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق اگر منتظمین مناسب ونڈو تلاش نہ کر سکیں تو گروپ مرحلے کی ٹاپ ٹیم کو ایونٹ کا فاتح قرار دیا جا سکتا ہے ۔ملتان سلطانز کے بائولنگ کوچ مشتاق احمد اور فرنچائز مالک عالمگیر ترین بھی یہی چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم کو گروپ مرحلے میں سرفہرست ہونے کے تحت سیزن پانچ کا فاتح قرار دیا جائے ۔