پشاور(92نیوز)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی قائد مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں اپنے ایجنڈے پر متفق ہیں، حکمرانوں کے غیر سنجیدہ اقدامات اور نااہلی کی وجہ سے ملک معاشی ابتری کا شکار ہے ، حکومت کو مزید ملک پر مسلط کرنا ملکی استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ،دسمبر تک حکومت کو نہیں دیکھ رہا ۔وہ مفتی محمود مرکز پشاور میں صوبائی عاملہ کے اراکین سے بات چیت کررہے تھے ۔اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عطا الحق درویش شمس الرحمن شمسی عبدالجلیل جان مولانا احمد علی درویش اور دیگر ارکان بھی موجود تھے ۔فضل الرحمن نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں 25 جولائی 2019 ئکے دھاندلی زدہ انتخابات کے حوالے سے اپنے بیانئے ہر قائم ہیں ، حکمران مرکز اور خیبر پختونخوا میں نہ صرف عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے بلکہ ملکی معیشت کا بیڑہ بھی غرق کردیا ، انہوں نے کہا کہ گوجرانولہ ،کراچی اور کویٹہ کے بعد پشاور جلسہ حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گا، حکومت عوامی جلسوں سے خائف ہوچکی ہے ، سلیکٹڈ وزیراعظم اور حکومتی ترجمان اپنی کارکردگی پر پردہ ڈالنے کے لیے آئے روز اپوزیشن کی کردار کشی میں مصروف ہیں، آج ملک بھرمیں عوام اور سرکاری ملازمین حکومت کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہیں، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک کو بچانے ، آئین کے استحکام، قانون و اداروں کی بالادستی اورعوام کو موجودہ حکومت سے نجات دلانے کے لیے میدان میں اتر چکی ہے ،انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا زوال قریب ہے جنوری سے قبل انشاء اللہ عوام کا غیض و غضب حکمرانوں کو گھر بھیجنے پر مجبور کردے گا۔