پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) تمام ایوانوں سے استعفیٰ دیتی ہے تو ہم بھی سوچیں گے ۔پیپلز پارٹی سندھ حکومت سے کسی بھی طور پر استعفے نہیں دے گی یہ سب اندر سے ملے ہوئے ہیں۔ ملک میں غریبوں کے لیے عدالتوں میں انصاف نہیں، ہسپتالوں میں علاج نہیں، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی جماعتوں میں کوئی فرق نہیں ہے ۔ کئی اپوزیشن پارٹیوں کے اب بھی حکومت سے رابطے ہیں۔گزشتہ روزدیر لوئر تیمر گرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی نے 10 روز کے لیے معطل کیے گئے سیاسی جلسے کے بعد ایک بار پھر تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی 25 دسمبر کو گوجرانوالہ سے دوبارہ تحریک کا آغاز کرے گی ، حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پشاور میں 6افرادشہید ہوگئے اور سانحہ پرغفلت کے مرتکب پوری صوبائی حکومت کو مستعفی ہونا چاہیے ۔خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 7اموات کے ذمہ داروں کا تعین نہیں ہوا۔ وزیراعلیٰ کے پی کے استعفیٰ کیوں نہیں دیتے ؟۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسے جلوس ان کاقانونی وآئینی حق ہے ، ہر ایک اسٹبلشمنٹ کی ہمدرریاں لینے کی کوشش کر رہا ہے ، پی ڈی ایم کی جماعتوں نے موجودہ حکومت کو 2سال تک سپورٹ کیا ۔ ملک مارشل لا کا متحمل نہیں ہوسکتا ،آمروں نے ملک کابیڑہ غرق کیا ،موجودہ حکومت نے عوام سے کیا گیاایک وعدہ پورا نہیں کیا، پوری حکومت مافیا کے سامنے بے بس ہوگئی ہے ۔