اسلام آباد، ملتان (سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو ایوان کا اعتماد حاصل، وہ پی ڈی ایم کے کہنے پر مستعفی کیوں ہوں گے ؟ پی ڈی ایم کا بیانیہ عوام کی دلچسپی کھو چکا، ہمیں ان کے احتجاج سے کوئی پریشانی نہیں۔ شاہ محمود قریشی نے پی ڈی ایم کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا پی ڈی ایم 31 جنوری کا انتظار کیوں کر رہی ہے ، ہم ان کے کہنے پر یا ان کے دباؤ پر مستعفی نہیں ہوں گے ، ہمارے پاس عوام کا مینڈیٹ ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ یہ کہہ رہے ہیں کہ سینٹ انتخابات میں شمولیت کا فیصلہ وقت آنے پر کریں گے لیکن میں آج کہہ رہا ہوں کہ یہ سینٹ کے انتخابات میں بھی حصہ لیں گے ۔ وزیر خارجہ نے کہا اداروں نے ہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق ذمہ داری نبھائی ہے ،اداروں پر دباؤ ڈالنے سے کچھ نہیں ہو گا،پوری قوم پی ڈی ایم کی حقیقت جان چکی ہے ،الحمدللہ پی ڈی ایم کے احتجاج سے ہمیں کوئی ٹینشن نہیں ہے - جو خود محتاج ہو وہ احتجاج کیا کرے گا۔ انہوں نے کہابھارت کی ہندو تواہ پالیسیوں پر عمل پیرا مودی سرکارپورے ایشیائی خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرات سے دو چار کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا سی پیک ملکی ترقی کا ضامن ہے حکومت پاک چین اقتصادی راہ دارہی کے دوسرے مرحلے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہے ۔ جس کی تکمیل سے ملکی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ارکان پارلیمنٹ اورتمام محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا ملتان مستقبل کا صوبائی دارالحکومت ہے ۔وزیر اعظم متوقع دورہ ملتان کے موقع پر میگا ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے ۔