کوئٹہ، لورالائی(92 نیوزرپورٹ،صباح نیوز، نامہ نگار) پی ڈی ایم کے زیراہتمام آج لورالائی میں جلسہ ہوگا جس کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ، پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ کہ موجودہ حکومت دھاندلی زدہ ہے ، حکمرانوں کو جا نا ہی پڑے گا ، منزل پر پہنچنے میں دیر ہو سکتی ہے لیکن حکمرانوں کے جانے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی۔ گزشتہ روز کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ عوام نے جس طرح ساتھ دیا یہ تاریخی لمحہ ہے ،لورالائی میں بھی تاریخی جلسہ ہوگا ، عوام چوری شدہ مینڈیٹ کو مسترد کرچکے ہیں ، حکومت نے دعویٰ کیا دہشتگردی ختم ہوگئی توسانحہ مچھ کیسے ہوا،آئے روز ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے ،ہماری کوشش ہے کہ جلد نااہل حکومت سے جان چھوٹ جائے ، عوام اس وقت ایک پیج پر ہیں ، مشکلات ضرور ہیں لیکن حکومت کو ہٹانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری ہے ، ہر جگہ ہمیں پذیرائی مل رہی ہے ، پی ڈی ایم کے تاریخی جلسے اور ریلیاں ہو رہی ہیں، عوامی شرکت بڑھتی جا رہی ہے ۔ شیخ رشید کے سوال پر مولانا فضل الرحمٰن نے صحافیوں سے کہا کہ وہ سنجیدہ سوال کیا کریں جبکہ ان کا کہنا تھا کہ مولانا شیرانی کے بیانات پر کچھ نہیں کہوں گا ۔ مالاکنڈ میں کامیاب جلسہ و ریلی پر مولانا فضل الرحمٰن نے جمعیت علماء اسلام مالاکنڈ اور پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتوں کے کارکنوں کا شکریہ ادا کرکے انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔دریں اثنا لورالائی جلسے سے مولانافضل الرحمٰن ، محمود خان اچکزئی خطاب کرینگے جبکہ (ن) لیگ ،پی پی اور دیگر جماعتیں بھی شرکت کرینگی ۔لورالائی میں سکیورٹی کیلئے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے اپنے اپنے لیول پر تربیت یافتہ کارکنوں پر مشتمل فورس کو گرائونڈ میں تعینات کر دیا جبکہ ایف سی نے بھی دن بھر شہر میں مارچ کیا ،جلسہ آج دو بجے شروع ہوگا۔