کراچی،ملتان(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) انتخابی امیدواروں کو ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے میں پاکستان تحریک انصاف مشکلات میں گھرگئی، ملتان میں ناراض خواتین ارکان نے شاہ محمود قریشی کے گھر کا گھیراؤکیا،اس دوران کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا اور لاٹھیاں چل گئیں ۔لاتوں،گھونسوں اور تھپڑوں کا بھی آزادانہ استعمال کیا گیا۔کراچی میں عارف علوی کے گھر کا گھیراؤ کیا گیا۔ملتان میں شاہ محمود قریشی کی رہائشگاہ کے باہر تحریک انصاف کی خواتین نے دھرنا دیا اور الزام لگایا کہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چہیتوں کو ٹکٹ دیئے ، اس دوران خواتین کارکنان آپس میں جھگڑ پڑیں، تشددکے باعث نبیلہ بٹ نامی خاتون کارکن بے ہوش ہوگئی جبکہ ایک خاتون کا سر پھٹ گیا ۔ کراچی میں کارکنوں نے تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کے گھر کے باہرشدید احتجاج کیا اوردھرنا دیا، انہوں نے نعیم الحق اور سندھ کی قیادت کے خلاف ٹکٹوں کی غیر منصفانہ پرنعرے لگائے ، اسد امان نے خطاب کرتے ہوئے کہاپارٹی میں پیرا شوٹرز بہت بڑی تعداد میں آگئے ، ملک عارف ٹرانسپورٹر اور نعیم الحق کے قریبی دوست ہیں،ہمیں ہمارا حق دیا جائے ۔