اسلام آ با د،پشاور،ملتان(خبر نگار خصوصی، نیوز رپورٹر، سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف نے عا م انتخا بات 2018 ئکیلئے اپنے کھلاڑیوں کی حتمی فہرست جاری کر دی، قومی اسمبلی کے 272 میں سے 229 حلقوں کیلئے امیدوار نامزد، خیبر پختونخوا کے 99 میں سے 90 ، پنجاب کے 238 ، سندھ کے 79، بلوچستان کے 36 حلقوں کیلئے امیدواروں کی نامزدگی مکمل، اسلام آباد کی تینوں نشستوں جبکہ قبائلی علاقوں کے 11 حلقوں میں امیدوار کھڑے کر دیئے گئے ۔ عمران خان نے وہاڑی کی جٹ فیملی کی چھٹی کرا دی۔ این اے 162 سے عائشہ نذیر جٹ سے ٹکٹ واپس لے کر خالد محمود چوہان کو دیدیا گیا۔ نذیر جٹ کا پی پی 229 وہاڑی کا ٹکٹ ہمایوں افتخار چشتی کو مل گیا۔لاہور سے ولید اقبال کی احتجاجی پریس کانفرنسیں بھی کام نہ آئیں، قومی اور صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ بھی نہ مل سکا۔ این اے 74 سیالکوٹ میں بیرسٹر منصور کو جاری ٹکٹ روک لیا گیا۔ این اے 81 اور پی پی 57 کے ٹکٹ بھی واپس لے لئے گئے ۔این اے 80 میں خواجہ صالح سے ٹکٹ واپس لے کر صدیق مہر کو دے دیا۔ پی پی 57 سے نعمان چٹھہ سے ٹکٹ واپس لے کر چودھری محمد علی کو دے دیا گیا۔ ملتان کے صوبائی حلقوں پی پی 213 سے وسیم خان با دوزئی ،پی پی 222 سے غلام عباس کھاکھی، پی پی 214 سے سابق ایم پی اے ظہیر خان علیزئی کی ٹکٹ واپس لے لی گئی ہے اور اس حلقہ میں ابھی کسی امیدوار کو فا ئنل نہیں کیا گیا ۔جبکہ صوبائی حلقوں پی پی 211،212 ،216 میں بھی تاحال کسی امیدوار کو فا ئنل نہیں کیا گیا ۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ بچ جانے والے حلقوں کیلئے امیدواروں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ این اے 154 کا ٹکٹ سابق وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن کو جاری کرنے کے چند گھنٹوں بعد ہی واپس لے لیا گیا۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ این اے 154ملتان سے سکندر بوسن سے متعلق ٹکٹ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ، فیصلہ بعد میں کیا جائیگا۔خیبر پختونخوا میں علی محمد خان کو این اے 22، شہریار آفریدی کو این اے 32 جبکہ پی کے 61 کا ٹکٹ بھی پرویز خٹک کو دے دیا گیااسی طرح شاہ فرمان سے این اے 29 کا ٹکٹ لے کر ناصر موسٰی زئی کو دے دیا گیاجبکہ ناصر موسیٰ زئی سے پی کے 79 کا ٹکٹ لے کر فضل الٰہی کو دے دیا گیا،پی کے 60 چارسدہ سے محمد عارف ، پی کے 70 پشاور کا ٹکٹ بھی شاہ فرمان کو دے دیا گیاجو کہ پہلے ہی سے پی کے 71 سے بھی امیدوار ہیں، اسی طرح پی کے 72 کا ٹکٹ فضل الٰہی سے لے کر فہیم احمد ،پی کے 10 کا ٹکٹ نواب علی سے لے کر حمیدہ شاہد کو دے دیا گیا ہے جبکہ پی کے 43 صوابی، پی کے 55 مردان کے لئے تاحال ٹکٹ جاری نہ ہو سکے ۔