کراچی(این این آئی) پی ٹی آئی سندھ کے سنیئر رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ سانحہ تیز گام ٹرین کے شہداء کی جنازہ نماز میں شرکت کے لئے میرپورخاص اور کنری پہنچے ، کنری سے واپسی پر پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیر نواب تیمور ٹالپر کے قافلے میں موجودافراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ اور پتھرائو کیا ۔فائرنگ اور پتھراؤ سے حلیم عادل شیخ اوران کے ساتھی محفوظ رہے تاہم پی ٹی آئی سندھ کے سابقہ نائب صدر جہانشیر جونیجو کی گاڑی تباہ ہوگئی۔میڈیا کیلئے جاری بیان میں حلیم عادل شیخ نے کہا ہمارے قافلہ پرپی پی رہنما تیمور ٹالپر کے قافلے کے لوگوں نے حملہ کیا، تیمور ٹالپر کے ساتھ ایس ایس پی عمرکوٹ اعجاز شیخ اور سادہ لباس میں پولیس اہلکار موجود تھے ،پیپلزپارٹی کے لوگ خوفزدہ ہوچکے ہیں اورمیری آواز بند کرانا چاہتے ہیں، پہلے بھی سہون میں پریس کانفرنس میں کہا تھا مجھے بلاول ہائوس اوروزیر اعلیٰ سے جان کا خطرہ ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ مجھ پر مرتضیٰ بھٹو کی طرح حملہ کرانا چاہتے ہیں۔، صوبائی وزیر نواب تیمور ٹالپر کی موجودگی میں فائرنگ کی گئی،تیمور ٹالپر کے لئے خصوصی طور پر کنری میں ہیلی کاپٹر بھجوایا گیا۔