لاہور ، اسلام آباد (92 نیوزرپورٹر، خبر نگار خصوصی ) اپوزیشن رہنماؤں نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے پیش قدمی جاری رہے گی، پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کا اعتراف کر لیا ، کل الیکشن کمیشن سے فیصلہ لے کر ہی آئیں گے ، پی ڈی ایم کا مقصد حکومت گرانا نہیں بلکہ ملک میں جمہوریت کی بحالی ہے ، ملک اناڑیوں کے ہاتھ میں غیر محفوظ ہے ، سینٹ الیکشن میں درجن سے زائد حکومتی ارکان پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دینگے ، اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کل الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج ہوگا اور مردوں سے زیادہ خواتین احتجا ج میں نکلیں گی ، فارن فنڈنگ کیس میں صرف حکومت نہیں پی ٹی آئی بھی دفن ہوگی اورعمران خان ٹیم سمیت جیل جائیں گے ، حکمرانوں سے چھٹکارے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران کرپشن پر الزامات لگاتے ہیں عدالت میں ثبوت نہیں پیش کرتے ،پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کے حوالے سے اعتراف جرم کر لیا ہم الیکشن کمیشن سے فیصلہ لے کر ہی آئیں گے ، نواز شریف نے ملک کے دفاع کو مضبوط بنایا ، ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، احتساب کے چیمپئن کمیشن کی ڈیل کرتے ہیں۔ تنقید وہ کررہے ہیں جو لاہور سے کچرا نہیں اٹھا سکتے ، ن لیگی رہنماوَں نے ایک ایک پائی کا حساب دیا،عوام کے پیسے کو امانت سمجھ کر استعمال کیا تو بجلی اور ہسپتال بنے ، 19جنوری کو الیکشن کمیشن تحریری فیصلہ لینے آرہے ہیں،فارن فنڈنگ کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوگئی۔ 19 جنوری کو مردوں سے زیادہ خواتین نکلیں گی ،خواتین کا جلوس گیارہ بجے طاہرہ اورنگزیب کے گھر سے نکلے گا، مولانا فضل الرحمان پر دباو نہیں ڈالا جاسکتا، فارن فنڈنگ کیس کی تاریخ 13 فروری رکھا جانا ہمارے دباؤ کا نتیجہ ہے ۔ سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے پیش قدمی جاری رکھیں گے ، پی ڈی ایم کا مقصد حکومت گرانا نہیں بلکہ ملک میں جمہوریت کی بحالی ہے ،یہاں آنے کا مقصد خواجہ آصف کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے ، انتقام کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے ، خواجہ آصف کو احتساب کے نام پر انتقام کے اسی شکنجے میں جکڑا گیا ہے ، یہ پہلی حکومت ہے جو چاہتی ہے ملک میں انتشار پھیلے ، ہم پہلی اپوزیشن ہیں جو پھونک پھونک کر قدم رکھ رہے ہیں، پہلے نیب ، اب ایف آئی اے اور انٹی کرپشن کے ذریعے گرفتاریاں ہو رہی ہیں، پی آئی اے والے معاملے پر ملک کی بے عزتی ہوئی ، ملک اناڑیوں کے ہاتھ میں غیر محفوظ ہے ، دوبارہ شفاف الیکشن کرائے جائیں، یہ لوگ حدیں کراس کررہے ہیں ، ہم نہیں چاہتے جب یہ جائیں تو ان سے بھی انتقام لیا جائے ، خواجہ آصف کو لاڈلے کی فرمائش پر گرفتار کیا گیا ، عمران خان پہلا حکمران ہے جو خود اوراس کے پیرو کار بھی ٹی وی پر گالیاں بکتے ہیں، ہر ہفتے مہنگائی بڑھ جاتی ہے ، ہر بار قرضے بڑھ جاتے ہیں، جنرل سیکرٹری ن لیگ عطاء تارڑ نے کہاخواجہ آصف کے پاس رسیدیں بھی موجود ہیں، ان کا کیس پنڈی سے لاہور کن وجوہات کی بنا پر ٹرانسفر کیا گیا، ان لوگوں کے آٹا، چینی ادویات اور دیگر سکینڈل ہیں اور ہمیں این آر او کے طعنے دیتے ہیں، ملک کو 73 کے آئین کے تحت آگے بڑھانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے ۔مسلم لیگ( ن) پنجاب کے صدراورسابق صوبائی وزیرقانون راناثنااﷲ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ الیکشن میں حکومت کوہائی جیکرنہیں بننے دیں گے ، فارن فنڈنگ کیس میں صرف حکومت نہیں پی ٹی آئی بھی دفن ہوگی اورعمران خان ٹیم سمیت جیل جائیں گے ، اُن کی غلطیاں نہیں بلنڈرز ہیں جبکہ صرف کابینہ غلط نہیں ، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا ایک درجن سے زائدحکومتی ارکان پی ٹی آئی کوووٹ نہیں دیں گے ، اڑھائی برس میں اڑھائی کروڑ افراد کو بے روزگار کردیا گیا۔ پی ڈی ایم ترجمان میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کے زیر اہتمام بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا ،ان کا مزید اقتدار میں رہنا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کردیا ، سٹیل ملز ، ریڈیو ، کلاس فور ملازمین، ڈاکٹرز، نرس، وکلا سب احتجاج کررہے ہیں ۔جعلی حکمرانوں سے چھٹکارا پانے تک پی ڈی ایم چین سے نہیں بیٹھے گی۔