پشاور(92نیوز)وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانافضل الرحمان اپنا شوق پورا کریں۔ پی ڈی ایم کا دھرنا اور احتجاج کہاں گیا ، ان کے غبارے سے ہوا نکل گئی ۔ اپوزیشن کے چاہنے سے کچھ نہیں ہو تا انہوں نے پہلے بھی کہا تھا کہ ہم حکومت کے خلاف نکلیں گے ،تحریک انصاف تین بجٹ پاس کرچکی ہے ، چوتھا اور پانچواں بھی پاس کرے گی اپوزیشن ماضی کی طرح ہاتھ ملتی رہ جائے گی،پاکستان کا مشکل وقت گزر چکا ہے ،معیشت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے جو اپوزیشن کو نظر نہیں آتی،آنے والا بجٹ ٹیکس فری اور عوام دوست بجٹ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ فضل کالونی میں سابق بینکر سردار خان خٹک اور ان کے خاندان کی اے این پی سے مستعفی ہوکر پارٹی اور ولئی میانگان میں میاں حسن، میاں سلمان، میاں عابد، میاں حیات میانگان ولئی جبکہ مناہی میں سابق کونسلر نور علی خٹک،ڈاکٹر شرافت خان ،منتظر خان خٹک، واحد خان اور افسر کی تحریک انصاف میں شمولیت جبکہ نصر ت اقبال کی بیٹی اور خان پرویز کی بھتیجی کی وفات پر اظہار تعزیت جلسوں سے خطاب اور میڈیا سے سے بات چیت کرتے ہو ئے کیا ۔پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن بے وقت کے راگنی الاپ رہی ہے ، پی پی پی ، مسلم لیگ ن اور اے این پی کے راستے جدا ہوچکے ہیں ان سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں اور پی ڈی ایم ویسے ہی پارہ پارہ ہوچکی ہے ۔