کراچی(سٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے 50 سے زائد اراکین سندھ اسمبلی متنازعہ بلدیاتی بل پر اسمبلی میں دھرنا دیکر بیٹھ جاتے تو سیاہ قانون پاس نہیں ہوتا۔، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ورکرز اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہاکہ ، وفاق میں دونوں جماعتوں نے متنازعہ مردم شماری تسلیم کرکے اور کوٹہ سسٹم تاحیات لاگو کرکے کراچی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا، اب احتجاج کرکے قوم کو بیوقوف بنایا جارہا ہے ، سندھ کے ظالم حکمرانوں کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں، پیپلز پارٹی کی دہشت گردی سے سندھ کو آزادی دلوائیں گے ، پی پی کراچی کو معاشی مفلوج بنانا چاہتی ہے ، ہم رکاوٹ بنیں گے ، کراچی والو! 30 جنوری کو ہمارے ساتھ چلو، حقوق لیکر واپس ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی پانی کی لائنوں پر ہائیڈرنٹس بناکر پانی فروخت کررہی ہے ، دیگر اضلاع سے پیپلز پارٹی اپنے ورکرز کے جعلی ڈومیسائل بناکر شہری سندھ کے کوٹے پر بھرتی کررہی ہے ۔