کولوراڈو(ویب ڈیسک) اپنوں کی محبت اور قربت زندگی کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے ، ان سے بات چیت اور ہلکی پھلکی گفتگو ہمیں ذہنی سکون اور آرام پہنچاتی ہے ۔ طبی ماہرین کے مطابق بعض اوقات یہ اپنائیت ہمیں مختلف بیماریوں کے دوران ہونے والی درد سے بھی نجات دیتی ہے جس سے متعلق نئی تحقیق میں محبت کا دوا جیسا اثر ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ماہرین نے بتایا ہے کہ جب ایک دوسرے سے محبت کے جذبات رکھنے والے دو افراد اکٹھے وقت گزارتے ہیں اور آپس میں گفتگو کرتے ہیں تو ان دونوں کی ذہنی حالت ایک دوسرے سے جیسی ہو جاتی ہے ۔ امریکی یونیورسٹی میں تحقیق کے دوران مختلف رضا کار جوڑوں کے کسی ایک فرد کے جسم میں ہلکا سا درد پیدا کیا گیا۔ ماہرین نے مشاہدہ کیا کہ پیار بھری گفتگو کے دوران ان کے دماغی سگنلوں کی نوعیت تبدیل ہو کر ایک جیسی ہوگئی، اور تکلیف میں مبتلا فرد کے درد میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی اور درد غائب ہو گئی۔ ماہرین نے نتیجہ اخذ کیا کہ اپنے پیاروں سے قربت کے لمحات اور پیار بھری گفتگو بھی دوا جیسے اثرات کی حامل ہوجاتی ہے ۔