لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور سید سعیدالحسن شاہ کے دادا صوفی بزرگ ا لمعروف قطب مدار الحاج پیر سید چراغ علی شاہ رحمتہ اﷲ علیہ کے 50ویں عرس کی تقریبات آپ کے آستانہ پر اختتام پذیر ہو گئیں۔ منگل کو دوسرے روز بھی عقیدت مندوں نے حاضری دینے کا سلسلہ جاری رکھا ۔ گذشتہ روز نماز فجر کے بعد روحانی محافل کا انعقاد ہوا۔ جس میں تلاوت قرآن پاک ،محفل نعت شریف اور درود شریف کا ورد ہر سو جاری رہا۔اس روحانی محفل سے وزیر اوقاف ومذہبی امور سید سعیدالحسن شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صو فیائے کرام نے ہمیشہ روادارانہ فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھی جو اخوت،بھائی چارے ،انسان دوستی،ایثار و محبت جیسے جذبوں سے آراستہ ہے ۔ان کے فکر و عمل کا یہ فیضان پنجاب بلکہ پورے خطے کو اسلامی تعلیمات کی روشنی سے منورکر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج بین ا لمسالک ہے کہ ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمہ کے فروغ اور انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسے عوامل کی بیخ کنی کے لئے ضروری ہے کہ ہم ان اولیائے کرام کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا نصب العین بنا کر ان پر عمل پیرا ہوں۔صوفیائے کرام امن کے علمبر دار اور انسان دوستی کے امین ہیں۔ان بزرگان دین کی در گاہیں آج بھی ظاہری و باطنی علوم کے عظیم مراکز کی حیثیت رکھتے ہیں ۔وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ان بزرگان دین کی تعلیمات کو اپنا کر ہم دوبارہ دنیا بھر میں اسلام کا پرچم بلند کر سکتے ہیں۔