لاہور،بغداد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )بغداد میں شیخ عبد القادر جیلانی ؒ کے عرس مبارک کی تیسرے دن بھی تقریبات جاری رہیں،دنیابھر سے آئے ہوئے بڑی تعدا د میں عقیدت مندوں نے حاضری دی۔سجادہ نشین حضرت شیخ خالد منصور الگیلانی نے پرنور خطاب کیا۔انہوں نے خطاب میں اولیا کی سیرت پر روشنی ڈالی۔ادھر تنظیم اتحاد امت پاکستان کے زیر اہتمام چاروں صوبوں ،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں پیر ان پیر شیخ عبدالقادر جیلانی ؒکے سالانہ عرس کے سلسلہ میں تین روزہ تقریبات کے تیسرے روز بھی تقریبات منعقد کی گئیں ۔درگاہ فاضیلہ باٹلہ شریف گجرات میں پیر ضیاء الحق نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیر ان پیر نے حرام کمانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ لقمہ حرام انسان کی نیکیوں کو ضائع کر دیتا جو لوگ حرام سے نہیں بچتے ان کو توبہ استغفار فوری طور پر کرنا چاہئے تاکہ ان کی عبادت کو رب قبول کرلے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے سنہری اصولوں پر چلنے کیلئے پیر ان پیر کی زندگی سے ہمیں رہنمائی لینی چاہئے تاکہ ہماری دنیا وآخرت میں کامیابی یقینی ہو سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام انبیاء کرام میں جو مقام نبی کریم ﷺکو حاصل ہے ایسے ہی تمام اولیاء کرام میں پیر ان پیر شیخ عبدالقادر جیلانی ؒکو مقام حاصل ہے ۔