لاہور(رپورٹ: قاضی ندیم اقبال)نا اہل وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے ساتھیوں نے پیرول پر رہائی پاتے وقت طے ہونے والے قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کی ۔جاتی عمرہ میں قیام کے دوران وہ مسلسل ساتھ آنے والے حکومتی اہلکاروں کی نگاہوں میں رہے ۔نواز شریف، ان کی صاحبزادی اور داماد کے لئے جاتی عمرہ کے مخصوص حصے کو سب جیل کا درجہ حاصل تھا۔ اسی لئے تینوں کی اڈیالہ جیل سے جاتی عمرہ اور وہاں سے واپس اڈیالہ جیل پہنچنے تک مخصوص سٹاف بھی تعینات رہا۔ اس سکواڈ کی ذمہ داریوں میں تینوں اڈیالہ جیل کے اسیروں کی حفاظت بھی شامل تھی۔ نواز شریف ، مریم صفدر، کیپٹن (ر) محمد صفدر پیرول پر رہائی کے وقت طے کئے گئے ضوابط کی پاسداری میں سیا سی گفتگو کرنے کے با اختیار تھے اور نہ ہی وہ جاتی عمرہ کے مخصوص حصے سے دوسری جگہ جانے کے مجاز تھے ۔ تینوں قیدیوں نے محکمہ داخلہ کے قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایا۔