اسلام آباد(پ ر) پیمرا نے ڈیم فنڈ سے متعلق توہین آمیز نشریات کیخلاف ٹی وی چینلز کو وارننگ جاری کردی۔گزشتہ چند روز کی مانیٹرنگ کے دوران یہ بات عیاں ہوئی کہ نیوز و کرنٹ آفئیر ٹی وی چینلز چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے قائم کردہ ’’دیا مر بھاشا ڈیم فنڈ‘‘ سے متعلق سیاستدانوں‘ تجزیہ کاروں اور قانونی ماہرین کا توہین آمیز تجزیہ بغیر کسی ادارہ جاتی کنٹرول کے نشر کررہے ہیں۔ یہ باور کرایا جاتا ہے کہ اس نوعیت کے تجزیے اعلیٰ عدلیہ کے خلاف بہتان تراشی کے زمرہ میں آتے ہیں۔ مزیدبرآں یہ بھی مشاہدہ کیا گیا ہے کہ نیوز ٹی وی چینلز حالاتِ حاضرہ کے پروگراموں میں اعلیٰ عدلیہ سے متعلق بھی توہین آمیز تبصرے و تجزیے بار بار نشر کررہے ہیں۔ جیسا کہ پیمرا گاہے بگاہے تمام نیوز و کرنٹ آفئیرز ٹی وی چینلز کو یاد دہانی کراتا رہا ہے کہ ایسا مواد نشر کرنے سے اجتناب کیا جائے جو پیمرا الیکٹرانک میڈیا (پروگراموں اور اشتہارات) کے ضابطہ اخلاق 2015ء کی خلاف ورزی کے زمرہ میں آتا ہوں۔ علاوہ ازیں تمام ٹی وی چینلز کو متعدد بار ہدایت کی گئی ہے کہ قابل اعتراض مواد کی نشریات کو روکنے کے لئے ادارہ جاتی نگران کمیٹیاں فعال بنائیں اور براہ راست نشریات کے دوران ٹائم ڈیلے میکنزم کے استعمال کو یقینی بنائیں تاہم ان ہدایات کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ لہٰذا تمام نیوز و کرنٹ آفئیر ٹی وی چینلز کو ایک بار پھر ہدایت کی جاتی ہے کہ پیمرا الیکٹرانک میڈیا (پروگراموں اور اشتہارات) ضابطہ اخلاق 2015ء شقوں پر سختی سے عمل کیا جائے ۔