کراچی/کوئٹہ(سٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے رہنما اور سینئر پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اپنے شو اور کاز دونوں میں ناکام ہوچکی ہے ، شو اور کاز کی ناکامی کا اصل شوکاز تو نمائشی سربراہ کودے دینا چاہیئے تھا لیکن انہوں نے یہ ملبہ صرف پیپلز پارٹی اور اے این پی کے سر ڈال کر خود اتحاد پر کلہاڑی چلا دی۔جمعرات کے روز اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا کے نمائندوں اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب تو پی ڈی ایم میں سے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو دھکا دیکر نکال دیا گیا ہے لہذا بقیہ جماعتوں کو اپنے استعفی اور لانگ مارچ کے پروگرام کو آگے بڑھانا ہوگا اگربقیہ جماعتیں لانگ مارچ کو استعفوں سے نتھی کرنے کی سازش نہ کرتیں تو وہ عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہ رہتے ، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو نکالنے کی سازش سے پہلے میاں نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے تھا کہ انہوں نے مستقبل قریب میں مسلم لیگ ن کے ساتھ انتخابی اتحاد کے خفیہ منصوبے کی تکمیل کے لیے پی ڈی ایم کو دو لخت کردیا۔