ملتان؍ اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍خصوصی نیوز رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں جتنی جماعتیں اتنے بیانیے ، حکومت کو گھر بھیجنے چلی تھی اور اب اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے ،پی ڈی ایم کے اندر خاصی بے چینی ہے ،پارلیمنٹ میں عدم اعتماد تحریک لانے کا شوق پورا کرے ،ہم اور ہمارے حلیف تحریک عدم اعتماد کا سیاسی، جمہوری اور پارلیمانی انداز میں مقابلہ کریں گے اور انہیں شکست دیں گے ، کورونا ویکسین لینے پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین روانہ ہوگیا ، کل صبح اسلام آباد ائیر پورٹ پر چین کے سفارتی عملے کے ہمراہ خود ویکسین کو رسیو کرونگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران میڈیا، وفود سے گفتگو، تقریبا ت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا بھارت کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے کوئی امکانات ہیں نہ بیک ڈور رابطہ ہے ،پاکستان کی سلامتی کے حوالے سے قوم اور تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔انہوں نے کہا ہمیں توقع ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا براڈشیٹ کے حوالے سے ہم چاہتے ہیں کہ شفاف تحقیقات ہوں،یہ معاہدہ کب ہوا کس نے کیا؟ پی ٹی آئی اس کی ذمہ دار نہیں، ہم حقائق کی چھان بین چاہتے ہیں،جب انکوائری کمیشن بیٹھے گا تو سب کچھ بے نقاب ہو جائے گا۔انہوں نے کہاسعودی عرب کے ساتھ ہمارے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔ انہوں نے این اے 156 کے 7 پارکس کا دورہ کیا جن میں البدر پارک شاہ رکن عالم، نیو ملتان میں زیڈ بلاک، مدنی پارک ، ٹی بلاک میں کھجی پارک ، کے بلاک شاہ رکن عالم پارک ، عثمانیہ پارک ایس بلاک اور عمر پارک ایس بلاک شامل ہیں،ان پارکوں میں مجموعی طورپر 4کروڑ روپے کی لاگت سے دو نئے پارک تعمیر کئے جائیں گے ۔ قبل ازیں وزیر خارجہ موضع کھیڑا آباد میں گئے جہاں انہوں نے چودھری صدیق گجر (مرحوم) کی رسم چہلم میں شرکت کی۔ یونین کونسل کوٹلہ مہاراں میں سابق یوسی چیئرمین دلبر خان مہار ودلیر خان مہار کی برسی میں شریک ہوئے ۔ پی ٹی آئی کارکن قمر حبیب شکوری کے والد کی نماز جنازہ میں شریک ہوئے ۔ وہاڑی روڈ شاہ شمس کالونی میں نجی ریسٹورنٹ کا افتتاح کیا ۔علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہد نسیم گوندل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔