کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دور روز سے جاری مندی کے رجحان میں بدھ کو شدت آگئی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی دھڑادھڑ فروخت کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 723.22پوائنٹس کمی سے 30277.45 پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ76.38فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 1 کھرب 19 ارب 4 کروڑ روپے سے زائدکا نقصان اٹھانا پڑاتاہم کاروباری حجم پیرکی نسبت20.19فیصدزائد رہا۔منگل کو کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا اور پاک بھارت کشیدگی بڑھنے ،آئی ایم ایف کے اپنے شرائط کے حوالے سے سخت موقف سامنے آنے اورامریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کے باعث مقامی اور بیرونی سرمایہ کار دھڑا دھڑ حصص فروخت کرنے لگے جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں مندی کے بادل چھاگئے اورکے ایس ای100انڈیکس30229پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیابعد میں معمولی ریکوری آئی اور مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 723.22پوائنٹس کمی سے 30277.45پوائنٹس پر بندہوا۔اسی کے ایس ای 30 انڈیکس 417.98پوائنٹس کمی سے 14288.50 پوائنٹس ،کے ایم آئی 30 انڈیکس 1345.18 پوائنٹس کمی سے 48005.38پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس431.08پوائنٹس کمی سے 22174.59 پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر 326 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 58 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 249کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 19 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالرکی قیمت میں30پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے امریکی ڈالر کی قیمت خرید 158.50 روپے سے گھٹ 158.20روپے اورقیمت فروخت 158.60روپے سے گھٹ کر158.30 روپے ہوگئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں20پیسے کی کمی ہوئی جس سے امریکی ڈالر کی قیمت خرید 157.70 روپے سے گھٹ کر 157.50روپے اورقیمت فروخت 159.70روپے سے گھٹ کر158.50روپے ہوگئی۔ ادھر فی تولہ سونے کی قیمت میں مزید1750روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سونے کی قیمت86250روپے کی ملکی تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔ صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں1750روپے اور10گرام سونے کی قیمت میں1500روپے کااضافہ ہوا جس سے فی تولہ سونے کی قیمت 84500 روپے سے بڑھ کر 86250روپے اوردس گرام سونے کی قیمت 72445 روپے سے بڑھ کر73945روپے ہوگئی البتہ چاندی کی فی تولہ قیمت1100.00روپے اوردس گرام چاندی کی قیمت943.00روپے پرمستحکم رہی۔