ہیوی میکینکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) ٹیکسلا کی توسیع اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے پاکستان کے چین کی 6بڑی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے طے پا گئے ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی اب ایک عالمی حقیقت بن چکی ہے۔ سات دہائیوں پر محیط دوستی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط و مستحکم ہوتی جا رہی ہے جو نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ اس پورے خطے کے لئے امید اور خوشحالی کے نئے دروازے وا کر رہی ہے۔ سی پیک ایک ایسا منصوبہ ہے جو خطے کی ترقی اور استحکام کی نئی داستانیں رقم کرے گا۔ ہیوی مکینیکل کمپلیکس ٹیکسلا پاکستان کا ایک قابل فخر ادارہ ہے جو وطن عزیز کی صنعتی ضروریات میں ہمیشہ موثر کردار ادا کرتا رہا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے معاہدے سے نہ صرف صنعتی انقلاب کا باعث بنیں گے بلکہ دونوں دوست ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں سٹریٹجک تعاون کو بھی فروغ ملے گا جو خطے کی ترقی اور استحکام کے لئے انتہائی ضروری ہے کیونکہ عدم استحکام سے دوچار دنیا میں پاک چین دوستی ایک ایسی روشن قندیل کی حیثیت رکھتی ہے جس سے دوسری اقوام بھی روشنی حاصل کر کے اپنے اپنے ملکوں میں امن اور استحکام کے دیے روشن کر سکتی ہیں۔ ایچ ایم سی چینی کمپنیوں کے مابین ہونے والے معاہدوں سے نہ صرف مقامی طور پر صنعتی ترقی کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ اس سے دونوں ملکوں کے مابین پہلے سے موجود سدا بہار دوستی مزید مضبوط ومستحکم ہو گی۔